لاہور(اے بی این نیوز)لاہور کی ضلعی و سیشن عدالت نے ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک کی جوئے کی ایپ پروموشن کے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
ایڈیشنل سیشن جج منصور علی قریشی نے عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، رجب بٹ اور ندیم مبارک نے ضمانت کی درخواستیں بیرسٹر میاں علی اشفاق کی وساطت سے دائر کیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کئی ٹک ٹاکرز کے خلاف کیس درج کیے ہیں، جن میں رجب بٹ اور ندیم مبارک شامل ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے جوا ایپلیکیشنز کو فروغ دیا۔
دونوں ٹک ٹاکرز پیر کو سیشن جج منصور احمد قریشی کے سامنے پیش ہوئے، ان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں تحقیقات میں شامل ہونا چاہتے ہیں تاکہ اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں۔
جج نے رجب بٹ اور ندیم مبارک کو قبل از گرفتاری ضمانت دے دی اور این سی سی آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ 6 جنوری تک ان کی گرفتاری نہ کرے۔ جج نے دونوں ملزمان کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت تک تحقیقات میں تعاون کریں۔
یہ پیش رفت اس کے چند روز بعد سامنے آئی ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے رجب بٹ اور ندیم مبارک کے اہل خانہ کی جانب سے دائر درخواست پر 10 روزہ حفاظتی ضمانت دی تھی۔
بعد ازاں دونوں نے لاہور سیشن کورٹ میں علیحدہ ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔
مزید پڑھیں۔برائلر گوشت کی قیمت میں”حیران کن”اضافہ، انڈے بھی مہنگے















