لاہور (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر ہوابازی وریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آ ئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں،ادارے کیلئے نئے جہاز خریدنے کی کو ششیں بھی جاری ہیں،پی آ ئی اے کا ریونیو بڑ ھائیں گے تو اخراجات پورے ہو ں گے،روز ویلٹ ہو ٹل بیچنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،پی آ ئی اے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں، ریل کے کرائے خوشی سے نہیں بڑھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آ ئی اے کے فلیٹ میں بوئنگ777 طیارے جلد شامل ہو جائیں گے، روز ویلٹ ہو ٹل کو فروخت کرنے کی حکومت کے ہاں کو ئی تجویز زیر غور نہیں اور روز ویلٹ ہو ٹل سے پاکستانی جھنڈا اتارنے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں ،یہ صرف محض ایک پراپیگنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جھنڈا روز ویلٹ ہوٹل پر اس وقت لگایا جاتا تھا جب کوئی پاکستان کا وزیر اعظم یا صدر وہاں قیا م کر تے تھے جبکہ عام دنوں میں وہاں پر ایک جھنڈا یو ایس اے اور ایک روز ویلٹ ہوٹل کا ہو تا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق آ ئندہ سال فیصلہ کیا جا ئے گا،ہمارا کام صرف اس کو آ پریشنل کرنا ہے تاکہ اس کے سالانہ25 ملین ڈالر اخراجات کا ون تھرڈ پورا کیا جا سکے، ہم نے روز ویلٹ ہوٹل کی تزئین و آ رائش کیلئے باقاعدہ ای سی سی سے اجازت لی ہے کیونکہ اگر اس کی تعمیرو مرمت نہ کی جاتی تو وہاں پر کوئی قیام کرنے کیلئے نہ آ تا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کو مد نظر رکھ کر ہوٹل سے متعلق اقدامات کئے جائیں گے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بر وقت اقدامات کرکے روز ویلٹ ہوٹل کو گراوٹ ویلیو سے بچایا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آ ئی اے کومنافع بخش ادارہ بنانے کیلئے کسی بھی سیاسی دباﺅ کو خاطر میں نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،2010 میں پی آ ئی اے کے پاس43 جہاز تھے جبکہ اب اس کے پاس صرف 27 جہاز ہیں ،ادارے کے لئے نئے جہاز خریدنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،پی آ ئی اے کے فلیٹ میں بوئنگ 777 طیارے بہت جلد شامل ہو جائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک کی ایئر لائنز پی آ ئی اے کے ساتھ مل کر بزنس کر نے کیلئے تیار ہیں، ہم ترکش ایئرلائن کے شکر گزار ہیں کہ دونوں ایئر لائز کے مشترکہ پراجیکٹ ”پی کے ٹی کے” سے 2.14 بلین کا منافع ہوا ہے ، 38 ہزار ٹکٹس بک چکی ہیں جس سے پی آ ئی اے کو2 ارب 14 کروڑ کی رقم ریونیو کی مد میں حاصل ہو ئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی 10 ڈیسٹی نیشنز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ سال پی آ ئی اے کا 170 ارب ریو نیو متوقع ہے، پی آ ئی اے جہازوں کی سیٹس کو بھی آرام دہ بنانے کی کو شش کر رہے ہیں تاکہ مسافر سکون سے سفر کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایمرٹس ایئر لائن کی جانب سے بھی پی آ ئی اے کے جوائنٹ ایڈونچر کی تجویز آ ئی ہے ، ہمیں خوشی ہو گی کہ ایمرٹس کے ساتھ بھی پی آ ئی اے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو بہتر کرنے کیلئے ابھی تک حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لیا تاہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ ریلویز کو منافع بخش بنانے کیلئے مزید رقم درکار ہے، دو ماہ کی مشکلات کے باوجود ہم اپنے مطلوبہ ہدف کو پورا کرلیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں نیچے آ نا شروع ہو گئیں تو کوشش کریں گے کہ ریلوے کے کرایوں میں کمی کریں۔