اہم خبریں

جمائما کے ایلون مسک سے شکوے،ٹویٹس محدود کرنے پر گلہ،پابندی ہٹا نے اور آزادی اظہار رائے کا مطالبہ

 لندن ( اے بی این نیوز   )جمائما گولڈ سمتھ کی طرف سے ایلون مسک اور سوشل میڈیا کمپنی X کے مالک کے خلاف حالیہ شکوے سامنے آئے ہیں۔ جمائما نے سوشل میڈیا پر براہِ راست ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عمران خان سے متعلق پوسٹس اور معلومات کی رسائی محدود کی جا رہی ہے۔

جمائما گولڈ سمتھ، جو سابق پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ہیں، نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے 3.5 ملین فالوورز کے باوجود ان کی عمران خان سے متعلق ٹوئٹس خاص طور پر پاکستان میں بہت کم لوگوں تک پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ X کے اندر موجود مصنوعی ذہانت والا چیٹ بوٹ Grok بتا رہا ہے کہ ان کے اکاؤنٹ کے ساتھ ’سیکرٹ تھروٹلنگ‘ ہو رہی ہے، یعنی الگورتھم ان کی پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے۔

جمائما نے ایلون مسک کو یاد دلایا کہ وہ پہلے بھی ملاقات کر چکے ہیں اور کہا کہ ان کے بیٹے اپنے والد سے کئی ماہ سے بات نہیں کر سکے اور انہیں خطوط بھیجنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ٹی وی اور ریڈیو پر عمران خان کا نام لینے پر پابندی ہے، اسی لیے X ہی ایک واحد پلیٹ فارم رہ گیا ہے جہاں وہ اپنی بات پہنچا سکتی ہیں۔

انہوں نے Grok کی طرف سے دی گئی معلومات بھی شیئر کیں، جن کے مطابق 2023 اور 2024 کے مقابلے میں 2025 میں ان کی پوسٹس کی رسائی میں 97 فیصد کمی ہوئی ہے، جسے وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے الگورتھم کی وجہ سے ہونے والی سنسرشپ قرار دیتی ہیں۔

جمائما نے ایلون مسک سے درخواست کی کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر آزادی اظہار کے وعدوں کا احترام کریں اور ان کے اکاؤنٹ پر لگائی گئی اس طرح کی محدودیت ختم کریں۔ ابھی تک ایلون مسک یا X کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید پڑھیں :سڈنی واقعہ،بھارت کے ملوث ہو نے کے شواہد منظر عام پر آگئے

متعلقہ خبریں