اہم خبریں

سرکاری ملازمین کا الائونس ڈبل کر دیا گیا،جا نئے کس کس کو کو فائدہ پہنچے گا

لاہور( اے بی این نیوز       ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ہیڈ ٹیچرز کے لیے الاؤنس پانچ ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں امتحانی نظام کو شفاف اور معیاری بنانے کے لیے خودمختار امتحانی اتھارٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سرکاری محکموں میں کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ تین ماہ میں ہر محکمے کی مکمل انکوائری کی جائے گی تاکہ کرپشن کا خاتمہ اور جوابدہی کا نظام یقینی بنایا جا سکے۔

پنجاب کابینہ نے راولپنڈی میں صوبے کا دوسرا آئی ٹی سٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ایک سال کے دوران 2300 نوجوانوں کو اسکل پروفیشنلز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس میں لاہور میں جدید ٹریفک لائٹس کے ذریعے ٹریفک نظام بہتر بنانے، زیبرا کراسنگ کے ذریعے سڑکوں کو محفوظ بنانے اور غیر قانونی ٹریفک لائٹس ہٹوانے والے وارڈنز کے لیے ایک لاکھ روپے انعام مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے لائیو اسٹاک کے شعبے کو کمپنی کی شکل دے کر مویشیوں کی برآمدات بڑھانے کا ہدف بھی مقرر کیا۔ گندم کی بروقت کاشت اور ہدف کی تکمیل پر وزیر زراعت کو مبارکباد دی گئی جبکہ پی ایچ اے لاہور کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔اجلاس میں مذہبی رہنماؤں اور امام مسجد صاحبان کو اعزازیہ دینے کی پالیسی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ اسکل ڈویلپمنٹ میں خالی آسامیوں پر بھرتی، پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اتھارٹی اور پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز میں بھرتیوں پر پابندی میں نرمی کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے چیچہ وطنی، کمالیہ، پیر محل اور شور کوٹ روڈ پر 46 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع، ہولی فیملی اسپتال فیصل آباد کے لیے ضروری آلات کی خریداری، مری میں 100 بیڈز کے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کو جنرل اسپتال میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام، وزیراعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک ای کریڈٹ اسکیم اور ضلع قصور کی 66 ترقیاتی اسکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایک پائی کی کرپشن بھی برداشت نہیں کی جائے گی، سرکاری خزانہ عوام کی امانت ہے اور کسی صورت کرپشن کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا جائے گا۔

مزید پڑھیں :آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود کیا ہو گی ،جا نئے

متعلقہ خبریں