اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ مسابقتی عمل کو مؤثر بنانے کے نتیجے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے سمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جس سے قومی سطح پر تقریباً 150 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔
اویس لغاری کے مطابق تین فیز سمارٹ میٹر کی قیمت 45 ہزار روپے سے کم ہو کر 25 ہزار روپے رہ گئی ہے، جبکہ سنگل فیز میٹر کی قیمت میں بھی 7 ہزار روپے کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتوں میں اس نمایاں کمی سے بجلی صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کم رقم ادا کرنا پڑے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ریگولیشنز میں مثبت تبدیلیاں کیں، جس کے باعث بین الاقوامی کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھرپور شرکت کی اور انہیں درپیش رکاوٹیں دور ہو گئیں۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے غلط میٹر ریڈنگ اور بجلی چوری کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔ صارفین کو پیشگی ادائیگی، اپنے میٹرز کی براہ راست مانیٹرنگ، بجلی کے استعمال سے متعلق تفصیلی معلومات اور لائن مین کے بغیر بجلی بحالی جیسی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
مزید پڑھیں :پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن پر کروڑوں روپے کا جرمانہ عائد















