اسلام آباد(اے بی این نیوز) نئے سال کی آمد کے موقع پر حکومت نے تنخواہ دار طبقے کیلئے خوشخبری سنا دی۔
وزیر مملکت رانا احسان افضل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ سال ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے گا اور انہیں واضح ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جا چکی ہے جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
رانا احسان افضل نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے ان پر ٹیکس کم کرنے کی اشد ضرورت ہے، حکومت آئندہ مالی سال میں ایسے اقدامات کرے گی جن سے ملازمت پیشہ افراد کو حقیقی ریلیف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کیلئے سکیورٹی سب سے اہم عنصر ہے، جن علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی وہاں سرمایہ کاری خود بخود آئے گی۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اب مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، ایک وقت تھا جب ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں، تاہم اب حالات میں بہتری آ چکی ہے، اگرچہ ملک کو اب بھی مختلف چیلنجز درپیش ہیں، لیکن سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں اور ٹیکس بیس کو وسعت دی گئی، جس کے نتیجے میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں 30 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں۔شلپا شیٹی کے کلب میں آدھی رات کو ہنگامہ آرائی















