اسلام آباد (اے بی این نیوز)سری نگر ہائی وے پر ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں معروف صحافی اور ٹی وی اینکر راجہ مطلوب (راجہ مطلوب طاہر) زندگی کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ میڈیا کمیونٹی اور عوام کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے۔
راجہ مطلوب مشہور اینکر وسیم بادامی کے انتہائی قریبی دوست تھے۔ وسیم بادامی جو دو دہائیوں سے شوبز اور کرنٹ افیئرز پروگرامز کی میزبانی کر رہے ہیں اس خبر سے شدید متاثر ہوئے اور سوشل میڈیا پر دعا کی درخواست کرتے ہوئے اپنے دوست کے لیے اللہ کی رحمت اور مغفرت مانگی۔
وسیم بادامی نے ایکس (سابق ٹویٹر) پر لکھا کہ میرا دوست، جگر، یار، زندہ دل انسان، ہر محفل کی جان، راجہ مطلوب کار حادثے میں دنیا سے چلے گئے۔ براہ کرم ان کے لیے دعا کریں۔ اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر دے.
معروف اینکر اقرار الحسن نے بھی ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ دوستوں جیسا بھائی اور بھائیوں جیسا دوست، راجہ مطلوب کے درجات کی بلندی اور ہم سب کے صبر کے لیے دعا کریں۔
راجہ مطلوب میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھتے تھے اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنتی، مہربان اور قابل احترام شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کا اچانک انتقال صحافیوں اور میڈیا کے ساتھیوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
اس حادثے پر دیگر شوبز شخصیات اور عوام نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اقرار الحسن کی دوسری اہلیہ فرح یوسف نے انسٹاگرام پر راجہ مطلوب کی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ راجہ بھائی، رات سے کچھ سمجھ نہیں آ رہا ایسے کیسے؟ کیسے چلے گئے؟ اللہ اکبر, دعا کی التماس ہے.
اقرار الحسن کی تیسری اہلیہ عروسہ اقرار نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں اینکر راجہ مطلوب کو وسیم بادامی، اقرار اور اُن کے بیگمات کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ کیپشن میں لکھا’ ہمارا بھائی چلا گیا‘ اور ساتھ رونے والی میم بنائی۔
مزید پڑھیں۔ملک میں سپر فلو کے کیسز میں اضافہ، علامات بھی سامنے آ گئیں













