پشاور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بزرگ رہنماء و سینئر قانون دان قاضی انور نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف قاضی انور نے پارٹی کی بنیادی رکنیت اور عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنما قاضی انور کا مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارٹی کی بنیادی رکنیت اور تمام عہدوں سے استعفی دے دیا ہے، پارٹی کی موجودہ قیادت نے میری بے عزتی کی، پی ٹی آئی میں مجھے بہت تکلیف پہنچی، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میرا ذاتی تعلق رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو معلوم ہے میں کیوں مستعفی ہو رہا ہوں ، جس منشور پر پی ٹی آئی عمل میں لائی گئی تھی اس پر عمل نہیں کیاجارہا ، پی ٹی آئی کی جیل سے باہر موجود قیادت نااہل ہے، پارٹی میں تبدیلی کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔
خیال رہے کہ قاضی انور ایڈووکیٹ انصاف لائرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر اور وہ پی ٹی آئی کے کور کمیٹی سمیت متعدد کمیٹیوں کے ممبر بھی تھے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے ہی 7 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل صدر میجر (ر) طارق محمود نے سماہنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے روز بعد 10 دسمبر کو لیہ سے سجاد حسین المعروف سجن خان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پیپلزپارٹی کی کشتی میں سوار ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (پیر) کا دن کیسا رہے گا ؟















