اہم خبریں

ناقص اور مہنگے ہیلمٹ،100000 روپے تک جر مانہ؟

راولپنڈی ( اےبی این نیوز      )ناقص، غیر معیاری، مہنگے اور رسید کے بغیر ہیلمٹ فروخت کرنے والے درجنوں دکانداروں کو کنزیومر اتھارٹی راولپنڈی نے طلب کر لیا ہے۔ پنجاب کنزیومر ایکٹ کے عملی نفاذ کے تحت کنزیومر اتھارٹی راولپنڈی اس معاملے میں بھرپور اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے بعد مافیا گروپ نے ہیلمٹس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر ناقص اور غیر معیاری ہیلمٹس بغیر رسید اور ریٹ لسٹ کے فروخت کیے جا رہے ہیں، جو صارفین کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل قوانین کے مطابق کارروائیاں کرتے ہوئے دکانداروں پر جرمانے عائد کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق پنجاب کنزیومر ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

کنزیومر اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیلمٹ خریدتے وقت معیار، قیمت اور رسید کو یقینی بنائیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں کنزیومر کورٹ یا متعلقہ اتھارٹی سے فوری رجوع کریں۔

مزید پڑھیں  :دھند،حد نگاہ زیرو،موٹرویز کو بند کر دیا گیا

متعلقہ خبریں