اسلام آباد ( اےبی این نیوز )شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم فور فیصل آباد سے ملتان تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔اسی طرح موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جانوں اور مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر کسوال، اقبال نگر، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔موٹروے پولیس نے خبردار کیا ہے کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکن ہو تو دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
مزید پڑھیں :سڈنی حملے کے پس پردہ پاکستان دشمن پروپیگنڈے کی کہانی بے نقاب















