اسلام آباد ( اےبی این نیوز )سڈنی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ واقعے کے فوری بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر جھوٹی تصاویر، ویڈیوز اور من گھڑت دعوے پھیلا کر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا گیا، جو حقائق کی کسوٹی پر پورا نہیں اترتا۔
ذرائع کے مطابق سانحے کو انسانی ہمدردی کے بجائے سیاسی اور پروپیگنڈا جنگ میں تبدیل کرنا ہر صورت قابلِ مذمت ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز اور الزامات نہ صرف جھوٹ پر مبنی تھے بلکہ انسانیت کے خلاف بھی تھے، جن کا مقصد سچائی سے توجہ ہٹانا تھا۔
تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ جھوٹی ویڈیوز اور من گھڑت ڈیٹا کے ذریعے پاکستان پر الزام تراشی کی گئی، تاہم کسی بھی مستند عالمی یا بین الاقوامی ذریعے نے ان الزامات کی حمایت نہیں کی۔ اس کے باوجود منظم انداز میں عالمی سطح پر جھوٹ پھیلایا گیا تاکہ پاکستان کو بدنام کیا جا سکے۔
اس منفی مہم کے دوران حقیقی انسانی کہانیوں کو نظرانداز کر دیا گیا، خاص طور پر مسلمان ہیرو احمد العہمد کی بہادری کو، جنہوں نے ثابت کیا کہ انسانیت اور جرات کا تعلق نہ مذہب سے ہے نہ نسل سے۔ دہشت گردی کا کسی قوم یا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ سچائی پر مبنی رپورٹنگ، متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور ذمہ دارانہ صحافت ہی ایسے سانحات کا درست جواب ہے۔ ایک فرد کے جرم کو پوری قوم سے جوڑنا نفرت انگیزی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
مزید پڑھیں :9مئی عمران خان اور فیض حمید کا مشترکہ منصوبہ تھا















