لاہور( اےبی این نیوز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ستر ہزار حرام ووٹ لے کر قوم پر مسلط ہونے کا غیر قانونی طریقہ اختیار کیا، اور اب ان کو لانے والوں کا چالان کون کرے گا۔
مینارِ پاکستان اجتماع کے کمیٹیوں کے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ن لیگ سترہ سیٹیں بھی جیتنے میں ناکام رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام کی تبدیلی کی تحریک نہ صرف حکمرانوں کا چالان کرے گی بلکہ انہیں فکس بھی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں متعدد تجربات ہوئے، چاہے مارشل لا ہو یا جمہوریت، لیکن کوئی حقیقی تبدیلی نہیں آئی۔
حافظ نعیم الرحمان نے چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے عدلیہ کو بھی تباہ کر دیا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی ہی ملک میں نظام بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے لیے واحد آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’بدل دو نظام‘ صرف نعرہ نہیں بلکہ عوام کی خواہش ہے، اور اس تحریک کے تحت عوام پر ہونے والے شب خون کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 21 دسمبر کو ڈویژن دفاتر میں بلدیاتی ایکٹ کے خلاف دھرنا دیا جائے گا، اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک سے لاتعلقی یا باہر جانا مسئلہ حل نہیں کرتا، اور ملک سے مایوس ہو کر باہر نکلنا افسوسناک ہے۔
پنجاب کے بلدیاتی قانون پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات سے حکمران اپنے ورکرز سے خوفزدہ ہیں۔ ان کے مطابق حقیقی الیکشن کے لیے فارم 47 اور پری پول انجینئرنگ کے نظام کی بجائے شفاف عمل ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی اہم وکٹ گر گئی،پارٹی سے مستعفی،جا نئے کون















