کراچی ( اےبی این نیوز )سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احتساب کی بات تو ہمیشہ سنی جاتی رہی، لیکن آج عملی طور پر ہوتا ہوا بھی دیکھ لیا۔ انہوں نے فیض حمید کے احتساب پر فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو احتسابی عمل شروع ہوا ہے وہ اب رکے گا نہیں۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکلنے کے لیے آپس کے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا تاکہ پاکستان کو اس نازک موڑ سے نکالا جا سکے۔
پی ٹی آئی کی اندرونی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ جیل سے باہر پارٹی کی نااہل قیادت موجود ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا کارکن بری طرح رل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو مزاحمت کے بجائے مفاہمت کی سیاست اپنانی چاہیے۔
عمران اسماعیل نے عالمی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آج دنیا میں جو پذیرائی مل رہی ہے، وہ پہلے کبھی نہیں ملی۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کا ہاتھ بھاری ہے، جبکہ بھارت گرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں فاتح بن کر ابھر رہا ہے اور بھارت سہمی ہوئی بلی کی طرح گھوم رہا ہے۔آخر میں عمران اسماعیل نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت جن لوگوں نے سہولت کاری کی، وہ ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ احتساب کا دائرہ سب تک پھیلے گا۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی اہم وکٹ گر گئی،پارٹی سے مستعفی،جا نئے کون















