پشاور(اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد اپنے پارلیمانی ارکان سے مالی معاونت کی درخواست کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے اپنی ماہانہ تنخواہوں کا 10 فیصد پارٹی فنڈ میں ڈونیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا کہ ایم این اے، سینیٹر اور ایم پی اے کے لیے ماہانہ 50 ہزار روپے کا مالی تعاون فراہم کرنا ضروری ہوگا۔ ارکان کو اس بابت مزید تفصیلات اور واجبات کی فہرست علیحدہ فراہم کی جائے گی۔
پارٹی سیکریٹریٹ کے مطابق، تنظیمی امور کے لیے ارکان کی مالی معاونت اب ضروری ہو چکی ہے، اور پارلیمانی رہنماؤں کو فنڈ کی وصولی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مزید یہ کہ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ بھی اخراجات کی تفصیل فراہم کر رہا ہے، تاہم موجودہ رقم اب بھی ناکافی ہے، جس کے باعث پارٹی کے مالی وسائل کی مزید فراہمی کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں۔نواز شریف کی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی سے فنڈز دینے کی تجویز















