اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کے حالیہ فیصلے نے واضح کر دیا ہے کہ احتساب سب کے لیے لازم ہے اور آج کی سزا کے بعد نہ صرف سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بلکہ بانیٔ پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی قانون سے بالا نہیں رہے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ کو بھی اب تیز رفتار انصاف کی طرف بڑھنا چاہیے۔ ان کے مطابق فیصلے سے متعلق آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کا آخری پیرا خاص اہمیت رکھتا ہے اور اس پر سنجیدہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو اپنا احتساب خود کرنا ہوگا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اگر فیض حمید اپنے عہدے پر نہ ہوتے تو بانیٔ پی ٹی آئی کبھی حکومت نہ بنا پاتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 9 مئی کے کیسز پر فیصلے کب سامنے آئیں گے اور کیا یہ فیصلے تاخیر کا شکار رہیں گے؟ ان کے مطابق وہ سیاسی جماعتیں اور رہنما بھی جواب دہ ہیں جو اس سارے عمل سے فائدہ اٹھاتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید اور بانیٔ پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں تھا، اور اس غیر آئینی اتحاد سے نقصان پاکستان نے بھگتا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام کردار سامنے آئیں اور انصاف کے کٹہرے میں جواب دیں۔وزیرِ مملکت نے مزید کہا کہ جس طرح کا ماحول بن چکا ہے، اس میں بہت سے معاملات کھل کر سامنے آئیں گے، اور جو اس سارے سلسلے کے مرکزی کردار رہے وہ بھی قانون کے عمل سے باہر نہیں رہ سکیں گے۔
مزید پڑھیں :فیض حمید کے وکیل کا اعلان،جا نئے کیا















