یو اے ای (اے بی این نیوز )متحدہ عرب امارات نے پاسپورٹ انڈیکس 2025 میں ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ یہ ساتواں مسلسل سال ہے جب یو اے ای عالمی درجہ بندی میں سرفہرست رہا، اور اس کی عالمی سفری رسائی پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوئی۔
رپورٹ جاری کرنے والی کمپنی Arton Capital کے مطابق مختلف بڑے ممالک کی رینکنگ میں کمی دیکھی گئی، مگر متحدہ عرب امارات نے سفری سہولتوں، سفارتی استحکام اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث اپنی پوزیشن مزید بہتر بنا لی۔ سخت عالمی امیگریشن پالیسیوں کے باوجود اماراتی شہری دنیا کے سب سے زیادہ ممالک میں باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ممالک نے 2025 میں غیر معمولی بہتری دکھائی۔ سنگاپور 30ویں پوزیشن سے اٹھ کر دوسرے نمبر پر آگیا اور اس کے پوائنٹس 175 تک جا پہنچے۔ ملائیشیا نے بھی بڑا جست لگایا اور 41ویں سے چڑھ کر 17ویں مقام پر پہنچ گیا۔ جاپان اور جنوبی کوریا معمولی تنزلی کے باوجود اب بھی اعلیٰ درجہ ممالک میں شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق خطے کی معاشی مضبوطی، بہتر سفارتی رابطے اور جدید سفری نظام اس بہتری کا سبب ہیں۔
یورپی ممالک بدستور ٹاپ 20 میں نمایاں رہے، جن میں اسپین، فرانس، جرمنی، اٹلی اور بیلجیم شامل ہیں۔ تاہم ویزہ پالیسیوں میں سختی اور نئے داخلہ قوانین کے باعث ان کے اسکور میں پچھلے سال کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی۔
انگلش بولنے والے بڑے ممالک کی کارکردگی 2025 میں سب سے زیادہ متاثر ہوئی۔ برطانیہ 32ویں سے 39ویں نمبر پر چلا گیا۔ امریکا 41ویں اور کینیڈا 40ویں پوزیشن پر آگئے۔ متعدد ممالک کی جانب سے ویزہ فری یا آن ارائیول سہولت محدود کیے جانے کے بعد ان ممالک کے شہری متبادل شہریت اور ریزیڈنسی پروگراموں کی طرف زیادہ مائل ہو رہے ہیں۔
سال 2025 کو الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) کے تیزی سے پھیلنے کا سال قرار دیا گیا۔ اسرائیل، برطانیہ، ترکمانستان، سوئٹزرلینڈ اور مالدیپ نے باضابطہ ETA سسٹم نافذ کیا، جبکہ کینیڈا نے قطری شہریوں کے لیے ویزہ کی شرط ختم کر کے انہیں براہ راست ETA کی سہولت دے دی۔ قطر خلیج کا دوسرا ملک بن گیا جسے یہ سہولت دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2026 میں 25 سے زائد ممالک ETA سسٹم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ یورپی یونین کا ETIAS پروگرام بھی جلد نافذ ہونے والا ہے، جسے دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل سفری اجازت نامہ سسٹم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :خطرناک وبا پھیل گئی ،سکول بند کر نے پر غور















