اسلام آباد (اے بی این نیوز ) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں گورنر راج کی بحث بے بنیاد ہے اور ایسا قدم اٹھانے کی جرات کسی میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے صوبے کے انتظامی امور مزید متاثر ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ گورنر راج کے حوالے سے اپنا سرکاری مؤقف واضح کرے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا احمد کریم کنڈی کا حالیہ بیان پارٹی پالیسی کا حصہ ہے یا ذاتی رائے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے مؤقف کا دفاع کرنا جانتی ہے، جبکہ وہ امن و استحکام چاہتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ریاست کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی تشکیل دیتے وقت مقامی کمیونٹی کو شامل کرنا ضروری ہے اور صوبائی حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت قومی جرگوں کی اہمیت کو نظرانداز کر رہی ہے، حالانکہ ان جرگوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں ہونے والی تقاریر آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قانون جہاں بولنے کی اجازت دیتا ہے، وہیں تک مؤقف پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :قوم میں یکجہتی کی فضا قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا،وزیر اعظم















