اسلام آباد (اے بی این نیوز )تحریک انصاف نے حکومت کی پیشکش مان لیتے ہوئے بانی تحریک انصاف کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی بنانے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی نے اس کمیٹی کی سربراہی رانا ثناء اللہ کو دینے کی سفارش بھی کر دی ہے، تاہم بعض اہم رہنماؤں نے اس فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کی جانب سے پیش کی گئی تجویز میں جیل میں بانی پی ٹی آئی کی سہولیات کا تفصیلی معائنہ شامل ہے، جسے تحریک انصاف نے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کثرت رائے سے منظور کیا۔ کمیٹی میں تحریک انصاف کے وکلا، سینیٹرز اور قومی اسمبلی کے ارکان کو شامل کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا مقصد جیل میں دی جانے والی سہولیات کا شفاف جائزہ لینا اور تمام معاملات کو حقائق کی بنیاد پر سامنے لانا ہے، جبکہ حکومتی حلقے اس پیشرفت کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی جانب مثبت قدم قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کا دھرنا،لائٹس بند،آپریشن کی تیاریاں















