اسلام آباد(اے بی این نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے ہونے والی بعض پوسٹس اکثر متنازع ثابت ہوتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان سے منسوب ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے جانے والے پیغامات ’انڈین اور افغان اکاؤنٹس‘ کے ذریعے وسیع پیمانے پر پھیلائے جاتے ہیں۔ چند روز قبل این سی سی آئی اے نے جیل میں عمران خان سے تفتیش بھی کی تھی کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی نے اس بارے میں کچھ بتانے سے گریز کیا۔
نجی ٹی وی چینل نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ آخر کون استعمال کرتا ہے؟ اور کیا اس اکاؤنٹ سے کی جانے والی پوسٹس چیئرمین پی ٹی آئی یا دیگر پارلیمانی رہنماؤں کی مشاورت سے کی جاتی ہیں؟
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے گفتگو میں کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے یا وہاں سے پوسٹس کہاں سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس عمران خان کے اکاؤنٹ کا کنٹرول ہوتا، یا مشاورت سے پوسٹس کی جاتیں تو وہ کبھی ایسی متنازع یا سخت پوسٹس نہ کرتے۔
ان کے مطابق اگر وہ اکاؤنٹ چلا رہے ہوتے تو اسے مفاہمت کی جانب لے جانے کے لیے استعمال کرتے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے بھی کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے۔
’میرا خیال ہے کہ جو عمران خان کا اکاؤنٹ ہینڈل کرتا ہے، وہ سب کو ہی معلوم ہے، مگر ہماری پارٹی بھی اس بارے میں لاعلم ہے کہ اصل میں کون اسے استعمال کر رہا ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر مشال یوسف زئی نے کہا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بہت سے لوگوں کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے، لیکن اسے کون استعمال کر رہا ہے، اس بارے میں کسی کو علم نہیں۔ ان کے مطابق یہ بات شاید صرف عمران خان ہی بتا سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک نے گفتگو میں کہا کہ وہ عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر بات کرکے اسے مزید متنازع نہیں بنانا چاہتے۔ ’’سب کو معلوم ہے کہ کون عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ ہینڈل کرتا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں۔رواں ماہ ایک ساتھ 4 چھٹیاں ، شہریوں کی موجیں















