اہم خبریں

عمران خان سے ملاقاتیں بند،اڈیالہ جیل کے باہر اجتماع پر پابندی، سہیل آفریدی کو بھی واپس بھیجا جا ئیگا،تارڑ،پی ٹی آئی بین ہو نے کے امکانات

اسلام آباد( اے بی این نیوز    ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اہم انکشافات کرتے ہوئے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں، جبکہ ان کی بہنوں کی ممکنہ گرفتاری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے باہر آکر ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ ملاقات کا مقصد صرف قانونی معاملات اور حال احوال پوچھنا ہونا چاہیے، جو نہیں ہو رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اب جیل کے باہر ہجوم یا غیر ضروری مجمع لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

عطا تارڑ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں اٹھائے گئے نکات بالکل درست ہیں اور حکومت ان کی توثیق کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اڈیالہ جیل جانے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں ناکے ہی سے واپس بھیجا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری بھی ممکن ہے۔ تاہم اگر پی ٹی آئی اپنے رویے اور ریاست مخالف بیانیے میں تبدیلی لے آتی ہے تو مستقبل میں ملاقاتوں کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

عطا تارڑ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں نے بیرون ملک جانے کی کوشش کی، مگر ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہونے کے باعث انہیں روک دیا گیا۔ادھر ایک اور وفاقی وزیر تنویر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :آج سونے کا ریٹ

متعلقہ خبریں