راولپنڈی ( اے بی این نیوز )ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جب ان کی پارٹی سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ پتا نہیں اکاؤنٹ کون چلاتا ہے، جبکہ وہی بیانیہ بھارت کا سوشل میڈیا آگے پھیلاتا ہے۔ ایک ذہنی مریض بیانیہ تخلیق کرتا ہے اور بھارت اس کا سب سے بڑا سہولتکار ہے جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل اس کا بیانیہ کیوں چلا رہا ہے؟ یہ شخص فوج کے خلاف بول رہا ہے اور فوج و عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔افغان میڈیا کے ذریعے بھی یہی بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کیا بھارتی اور افغان میڈیا یہ سب مفت میں کر رہے ہیں؟ ان کا ان ممالک کے ساتھ گٹھ جوڑ ظاہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سے ملنے والوں کو غدار قرار دینا، یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ تم ہو کون، تم اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہو؟انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی فوج پر حملے کراتے ہیں، جی ایچ کیو پر حملہ بھی اسی شخص نے کرایا تھا۔ ان کے ٹویٹس دیکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے غدار شیخ مجیب الرحمن سے متاثر ہے۔ ان کی شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا ہے، ان کے پاس صوبے کی حکومت ہے لیکن یہ پاکستان کے مسائل پر بات ہی نہیں کرتے۔ ان کی سوئی صرف فوج پر اٹکی ہوئی ہے اور دہشتگردی پر لب کشائی نہیں کرتے۔















