اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے 190 ملین پاؤنڈ میگا کرپشن کیس کے حوالے سے سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس کیس میں باقاعدہ طور پر سزا یافتہ قیدی ہیں اور عدالتوں میں ان کے وکلاء کوئی قانونی جواز پیش کرنے میں ناکام رہے۔
عطا تارڑ کے مطابق اپنی غلطیوں کا جواب دینے کے بجائے مسلسل سیاسی بیانیہ بنا کر دوسروں پر الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملکی تاریخ میں کسی بھی قیدی کو وہ خصوصی سہولیات نہیں دی گئیں جو بانی پی ٹی آئی کو میسر رہیں۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ جیل کے اندر قواعد سے ہٹ کر ملاقاتیں کرنے اور باہر آکر پروپیگنڈا پھیلانے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے عظمیٰ خان کی ملاقات بھی باضابطہ طور پر معطل کر دی گئی ہے، کیونکہ جو بھی جیل قوانین کی خلاف ورزی کرے گا، اس کی ملاقاتیں روک دی جائیں گی۔
عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام کارروائی قانون کے مطابق ہوگی، چاہے کسی قسم کا سیاسی دباؤ کیوں نہ ہو۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ جیل انتظامیہ قواعد و ضوابط کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر مراعات نہیں دی جائیں گی۔
مزید پڑھیں :سی ڈی ایف کا نوٹیفکیشن،حکومت کی اہم وضاحت سامنے آگئی















