لاہور(اے بی این نیوز)سول جج سید جہانزیب بخاری نے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سید جہانزیب بخاری ایک عرصے سے عدالتی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے اور مختلف اضلاع میں اہم کیسز کی سماعت کے باعث ان کا شمار محنتی اور زیرک ججز میں ہوتا تھا۔
استعفیٰ کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم عدالتی حلقوں میں اس فیصلے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
استعفیٰ ارسال کرتے ہوئے سید جہانزیب بخاری نے اپنے پیغام میں ساتھی ججز، عدالتی اسٹاف، بارز اور وکلاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان سب نے اپنے تعاون، رہنمائی اور پیشہ ورانہ احترام کے ذریعے ان کی عدالتی خدمات کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے اچانک استعفیٰ کے بعد عدالتی و قانونی حلقوں میں مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ مستقبل میں ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے بھی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
عدالت عالیہ کی جانب سے استعفیٰ پر باضابطہ کارروائی آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔
مزید پڑھیں۔لڑائی کی خواہش نہیں لیکن جنگ چھڑ گئی تو مکمل تیار ہیں، پیوٹن کی یورپی ممالک کو تنبیہ















