لاہور (اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے اور بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو اس عمل سے سختی سے روک دیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 سال کی عمر کے بچوں کے لیے اسمارٹ کارڈ اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا طریقہ کار تیار کیا جائے گا۔ ساتھ ہی صوبے بھر میں ٹریفک پولیس عوام خصوصاً طلبہ کے لیے ’’ہفتہ آگاہی‘‘ بھی منائے گی۔
لاہور میں ہونے والے اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں صرف وارننگ چالان جاری کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو پہلے آگاہی دی جائے اور انہیں قانون پر عمل کرنے کی جانب راغب کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کم عمر بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین کی پابندی سکھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے بنائے جاتے ہیں، اس لیے ہر شہری کو قانون پر عملدرآمد میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ “معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگر قانون کی پاسداری بھی ضروری ہے۔ بچوں کا قصور نہیں، ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی۔” انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ہیلمٹ کی اہمیت اور سڑکوں پر حفاظتی تدابیر کے بارے میں لازمی آگاہ کریں۔
مزید پڑھیں :وزیر مملکت برائے کرپٹو کرنسی بلال بن ثاقب سے وزارت واپس















