اہم خبریں

راولپنڈی: خاتون کے بال کاٹنے کے واقعے میں اہم پیشرفت، 3 مرکزی ملزمان گرفتار

راولپنڈی(اے بی این نیوز)سوشل میڈیا پر خاتون کے بال کاٹنے کی وائرل ویڈیو کے حوالے سے درج مقدمے میں راولپنڈی پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں واقعے میں براہ راست ملوث ایک مرد اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا تھا۔

متاثرہ خاتون کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا، جبکہ یہ واقعہ تقریباً ایک ماہ قبل پیش آیا تھا لیکن اس وقت پولیس کو رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق وائرل ویڈیو کے بعد مرکزی ملزمان فرار ہو گئے تھے، تاہم راولپنڈی پولیس نے تمام ٹیکنیکل اور انسانی انٹیلی جنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے انہیں ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے مزید بتایا کہ مقدمے کی کارروائی جاری ہے اور متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں۔مذاکرات کیلئے عمران کے 3 مطالبات سامنے آگئے

متعلقہ خبریں