اہم خبریں

پابندی کے باوجود پی ٹی آئی کا آج جڑواں شہروں میں احتجاج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قید میں موجود بانی چیئرمین عمران خان کی پارٹی رہنماؤں اور اُن کے اہلِ خانہ تک رسائی نہ ہونے پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ اور راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ اور جیل کے باہر اجتماع کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب جڑواں شہروں میں عوامی اجتماعات پر پابندی نافذ ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے 18 نومبر کو دو ماہ کے لیے پابندی لگائی تھی، جب کہ راولپنڈی انتظامیہ نے پیر کو 3 روزہ پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ’پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024‘ بھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دارالحکومت میں عوامی اجتماعات کی نگرانی کا اختیار دیتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اپوزیشن ارکان پہلے آئی ایچ سی کے باہر احتجاج کریں گے، جس کے بعد وہ اپنی ریلی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل تک لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ آئی ایچ سی اپنا حکم نافذ کرانے میں ناکام رہی ہے، اور اڈیالہ جیل انتظامیہ بھی عدالت کے احکامات پر عمل کرنے کو تیار نہیں۔

گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ نے آٹھویں مرتبہ ملاقات نہ ہونے پر جیل کے باہر دھرنا دیا تھا۔

اسی طرح عمران خان کے اہلِ خانہ کو بھی کئی ہفتوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں موجود تھیں، تاہم حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما کی صحت ٹھیک ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر نے کہا کہ وہ منگل کو کوئٹہ میں ایک عوامی اجتماع میں شریک ہوں گے، وہ پی ٹی آئی کی سربراہی میں قائم اپوزیشن اتحاد کے عہدیدار ہیں، مگر دیگر پارٹی رہنما احتجاج میں موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر رہنما جڑواں شہروں میں احتجاج کریں گے، پارلیمانی کمیٹی نے عمران خان کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اہلِ خانہ سے ملاقات نہ کرانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

مزیدپڑھیں۔افسوس میں نے پی ٹی آئی کے لیے شریف برادران کو برا بھلا کہا، شیر افضل مروت

متعلقہ خبریں