اہم خبریں

118سروس سے ہماری ہر غلطی عوام کے سامنے آئے گی، سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد( اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں تمام شعبوں میں شفافیت، کارکردگی اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، بجلی صارفین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، وزارتی توانائی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام شعبوں میں سفارشی کلچر کا خاتمہ وزیراعظم کا وژن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بجلی صارفین کی سہولت کے لیے قائم کی جانے والی 118 ہیلپ لائن سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت توانائی میں اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں عمل کیا جا رہا ہے، نئی سروس کے ذریعے بجلی صارفین کی شکایات فوری طور پر ریکارڈ ہوں گی، ان کا ہر مرحلے پر سٹیٹس معلوم کیا جا سکے گا اور محکمہ کی کسی بھی غلطی یا کوتاہی کو چھپایا نہیں جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ 118 سروس سے ہماری ہر غلطی عوام کے سامنے آئے گی، یہی حقیقی شفافیت ہے کہ ادارہ اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرے۔ اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران اصلاحات اور بہتری کے جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، عدلیہ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام میں کسی بھی نااہلی یا غلطی کی ذمہ داری وزیر، چیئرمین، چیف کمرشل آفیسر، کسٹمر کیئر ہیڈ اور متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کا واضح وژن ہے کہ وزارت توانائی سمیت تمام اداروں میں سفارشی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 18-2017 میں بھی وہ اسی وزارت کے ذمہ دار تھے مگر جب وہ اپوزیشن میں تھے تو محکمے نے بنی گالہ کے دبائو میں آ کر کوئی لحاظ نہیں کیا، میرے اپنے گھر کی بجلی چلی جاتی تھی تو فون سننے والا بھی کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں 10 سے 18 گھنٹے بجلی بند رہنے کا درد وہ بخوبی سمجھتے ہیں، اسی لیے آج ایک ایسا نظام بنایا جا رہا ہے جو ہر شہری کے لیے یکساں سہولت فراہم کرے گا۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس جدید شکایات سسٹم سے ملک بھر کے تمام صارفین خواہ وہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتے ہوں، ایک ہی پلیٹ فارم پر اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ یہ ایک بڑی سماجی اصلاح ہے

، ایک انقلاب ہے جس کا براہ راست فائدہ پاکستان کے 3 کروڑ 80 لاکھ گھرانوں کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کے ذریعے صارف کو ہر شکایت کی رجسٹریشن، وقت، تاریخ اور سٹیٹس کا ریکارڈ دستیاب ہو گا جس سے عملے کی کارکردگی کا مکمل احتساب ممکن ہو گا۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری پاور ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں بہترین خدمات انجام دی ہیں اور اگر وہ اس پروگرام کے کامیاب نفاذ کے ساتھ ریٹائرڈ ہوئے تو ذہنی طور پر مطمئن افسر کی حیثیت سے ریٹائر ہوں گے۔ اویس لغاری نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے گزارش کریں گے کہ وزارت توانائی کے ماہانہ کارکردگی انڈیکیٹرز کو وزارتی احتساب کے نظام کا حصہ بنایا جائے تاکہ اصلاحات کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں :عمران خان سے ملاقات، عدالت نے نوٹس جاری کر دیا،جا نئے کس کو

متعلقہ خبریں