اسلام آباد ( اے بی این نیوز)حکومت نے پاکستان سنگل ونڈو کی سبسکرپشن اور رینیول فیس کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مختلف خدمات کی فیسوں میں باقاعدہ ترمیم کر دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایس ڈبلیو اور ایس ای سی پی ویری فکیشن کی فیس 500 روپے مقرر کر دی گئی ہے، جب کہ گڈز ڈیکلیئریشن کی فیس مال کی مالیت کے مطابق لی جائے گی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق 50 ہزار روپے تک کی مالیت والے سامان پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی۔ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک مالیت پر 500 روپے، جبکہ ایک لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک 750 روپے فیس طے کی گئی ہے۔ 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے مالیت والے سامان پر ایک ہزار روپے اور 50 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کی مالیت پر 1250 روپے فیس عائد ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق ایک کروڑ سے 2.5 کروڑ روپے مالیت تک ڈیکلیئریشن فیس 1500 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 2.5 کروڑ روپے سے زائد مالیت والے سامان کے لیے نئی فیس 2000 روپے ہو گی۔
نئے شیڈول کا مقصد تجارت، امپورٹ اور ایکسپورٹ کے عمل کو منظم کرنا اور پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے دستاویزی کارروائی کو مؤثر بنانا ہے۔
مزید پڑھیں :گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا خصوصی پیغام آگیا،جا نئے کیا















