مظفر آباد ( اے بی این نیوز )وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی، جہاں وفد نے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مشاورت کی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت جاری رہے گی۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور حریت قیادت مل کر مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھیں گے، تاکہ عالمی برادری تک مضبوط اور متحد آواز پہنچ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی تائید جاری رکھیں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کے اصولی مؤقف پر رکھی تھی، جبکہ بے نظیر بھٹو نے حریت قیادت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فورمز پر ہمیشہ کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے اور بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش برقرار ہے۔ملاقات باہمی رابطے کے فروغ اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
مزید پڑھیں :پرتگال میں کاروبار کریں،رہائش اختیار کریں، جا نئے کیسے















