لاہور ( اے بی این نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حاصل ہونے والی کامیابی اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے، اور اس شاندار فتح پر وہ تمام پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر حلقے میں کارکنوں نے بھرپور محنت کی اور عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ اب انتشار یا گمراہ کن نعروں کے پیچھے نہیں جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ میانوالی میں بھی سیاسی صورت حال بدل چکی ہے، جبکہ ڈسکہ الیکشن سب کے سامنے ایک مثال ہے کہ سخت ترین حالات اور دھاندلی کے باوجود مسلم لیگ ن نے جیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، لیکن مسلم لیگ ن نے کبھی بھی سیاسی عمل سے راہِ فرار اختیار نہیں کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے اپنے خاندان بھی انتخابات میں شامل تھے، اس لیے ایسے بیانیے کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔ عوام اب نعروں اور عملی کارکردگی میں واضح فرق دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور میں بھی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی، جو عوام کے اعتماد کا بڑا ثبوت ہے۔ مریم نواز کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا گیا تھا، مگر اب ملک کو استحکام، ترقی اور مثبت سیاسی ماحول کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میانوالی میں گرین بس سروس کے آغاز نے ترقی کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور عوامی سہولتوں میں اضافہ اسی سوچ کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہی قیادت پبلک پلس سمجھ سکتی ہے جو لوگوں کے درمیان رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور خدمت کا نتیجہ ہے کہ اللہ نے ہر جگہ سرخرو کیا، اور لاہور، میانوالی اور ہری پور میں کامیابی اسی سلسلے کی توثیق ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے مشکلات کے باوجود سیاسی عمل جاری رکھا اور اس سفر میں کارکنوں اور رہنماؤں نے جو قربانیاں دیں، وہ لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل طاقت عوام کی ہوتی ہے اور اسی طاقت نے ہر حلقے میں پارٹی امیدواروں کو مضبوط کیا۔ ان کے مطابق ہر حلقے میں انتخابی مہم جذبے اور محنت سے چلائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی خدمات اتنی وسیع ہیں کہ انہیں مکمل طور پر بیان کرنا ممکن نہیں۔ چالیس برس تک یہ دعوے کیے جاتے رہے کہ اُن کی سیاست ختم ہو چکی ہے، مگر آج وہی لوگ تاریخ میں گم ہو گئے ہیں اور نواز شریف بدستور عوام کے درمیان موجود ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی نفرت یا کردار کشی کی سیاست نہیں کی، نہ کسی کو چور ڈاکو کہا اور نہ کسی کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا۔ ان کا بیانیہ ہمیشہ محنت، کارکردگی اور مثبت سیاست پر قائم رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہی سیاسی تربیت وراثت کے طور پر پوری جماعت میں منتقل ہوئی ہے۔ شہباز شریف اور ان کی اپنی کارکردگی بھی اسی تربیت کا نتیجہ ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ روز گھر سے نکلنے سے پہلے نواز شریف کی دعائیں لے کر نکلتی ہیں، اور اسی دعا اور تربیت نے انہیں خدمت کے راستے پر مضبوطی سے قائم رکھا ہے۔
مزید پڑھیں :نفرت،جھوٹ،فسادکی سیاست کو بری طری شکست ہوئی،نوازشریف















