کراچی(اے بی این نیوز)سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث صحت حکام نے ہنگامی وارننگ جاری کر دی ہے۔
سندھ بھر میں ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس پر صحت کے حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 50 نئے مریض داخل کیے گئے جبکہ نجی اسپتالوں میں 33 مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا۔
کراچی ڈویژن میں 16 نئے مریض اسپتال میں داخل ہوئے جبکہ حیدرآباد کے سرکاری اسپتالوں میں 22 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرکاری اسپتالوں سے 63 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے جبکہ نجی اسپتالوں میں 44 مریض صحت یاب ہوئے۔ خوش قسمتی سے صوبے میں اب تک ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
ٹیسٹنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور سرکاری و نجی لیبارٹریز میں مجموعی طور پر 5,070 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔ ان میں سے 559 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جن میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں 347 اور اس کے بعد حیدرآباد میں 212 رپورٹ ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر کو سنجیدگی سے اپنائیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اطراف صفائی رکھیں، کھڑے پانی کا خاتمہ کریں، مچھروں سے متاثرہ علاقوں سے بچیں اور اگر بخار، سر درد یا جوڑوں میں درد جیسے علامات ظاہر ہوں تو فوراً طبی امداد حاصل کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کمیونٹی کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا کہ کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث عوام اور مقامی انتظامیہ کی بروقت احتیاطی تدابیر ہی بڑے پھیلاؤ سے بچا سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں۔نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد آج حلف اٹھائیں گے















