پشاور(اے بی این نیوز)پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس بلوچستان کے ضلع کچھی کے بولان پاس کے علاقے میں مسلح حملے سے بال بال بچ گئی۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کوئٹہ اور سبی کے درمیان جعفر ایکسپریس پر یہ چھٹا حملہ تھا۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے اپنے مقررہ وقت پر پشاور کے لیے روانہ ہوئی، اور مچھ اسٹیشن سے گزرنے کے بعد جب یہ آبِ گم کے قریب پہنچی تو قریب ہی کے پہاڑوں سے مسلح افراد نے ٹرین پر فائرنگ کر دی۔
سیکیورٹی اہلکاروں اور ٹرین میں موجود ریلوے پولیس نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی، تاہم مختصر فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق مسلح حملے میں جعفر ایکسپریس کی تمام بوگیاں محفوظ رہیں، ایک سینئر ریلوے افسر نے بتایا کہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ٹرین میں سفر کرنے والے تمام مسافر محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹرین کو روکا گیا اور بعد ازاں سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر اسے اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا، ٹرین پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد ریلوے ٹریک پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔
جعفر ایکسپریس کو مسلسل حملوں کا سامنا رہا ہے، جن میں کوئٹہ اور جیکب آباد کے درمیان ریلوے ٹریک پر ہونے والا بم دھماکا بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں۔سرکاری مکانوں میں رہائش پذیر یا منتظر وفاقی ملازمین کیلئے اہم خبر















