اہم خبریں

افغانستان کی بھارت کو بڑی پیشکش

کابل ( اے بی این نیوز    )افغانستان نے بھارت کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کی کوششوں کے تحت بھارتی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دینے کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ اعلان افغانستان کے قائم مقام وزیرِ تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے بھارت کے چھ روزہ دورے کے دوران نئی دہلی میں منعقدہ ایک کاروباری اجلاس میں کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس The Associated Chambers of Commerce and Industry of India کے زیر اہتمام ہوا، جہاں افغان وزیر نے بھارتی سرمایہ کاروں کو سونے کی کان کنی سمیت نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور مقابلہ بھی کم ہے، اس لیے بھارتی کمپنیاں باآسانی مضبوط بنیادیں قائم کر سکتی ہیں۔

افغان وزیر تجارت نے گفتگو میں اعتراف کیا کہ پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث تجارت میں چند رکاوٹیں سامنے آئی ہیں۔ اسی وجہ سے افغانستان دیگر ممالک، خصوصاً بھارت، کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو پانچ سال تک ٹیکس میں خصوصی چھوٹ دی جائے گی، جبکہ مشینری درآمد کرنے پر صرف ایک فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔ سونے کی کان کنی کے حوالے سے وزیر تجارت نے کہا کہ بھارت کی پیشہ ور اور تکنیکی ٹیمیں ابتدائی تحقیق کے لیے افغانستان کا دورہ کر سکتی ہیں، تاہم شرط یہ رکھی گئی ہے کہ کان کنی سے متعلق کام افغانستان کے اندر ہی پروسیس ہوں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

افغانستان نے بھارت سے درخواست کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے معمولی نوعیت کی رکاوٹیں—جیسے ویزا مسائل، ایئر کارگو اور بینکنگ ٹرانزیکشنز—کو دور کیا جائے تاکہ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو سکیں۔وزیر تجارت نے امید ظاہر کی کہ بھارت اور افغانستان مستقبل میں سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں زیادہ نزدیک آئیں گے، جس سے دونوں ممالک کو معاشی فائدہ ہوگا۔

مزید پڑھیں :آج رات 12 بجے اسمبلی تحلیل،نگران سیٹ اپ کی تیاری

متعلقہ خبریں