اسلام آباد ( اے بی این نیوز )قومی اور پنجاب اسمبلی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ تمام حلقوں میں ووٹرز کا مجموعی رجحان دن بھر سست رفتار رہا، تاہم شام کے وقت پولنگ اسٹیشنز پر رش میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
الیکشن حکام کے مطابق وہ تمام ووٹرز جو پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں موجود ہیں، مقررہ وقت ختم ہونے کے باوجود اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ دروازے بند ہونے کے بعد کسی نئے ووٹر کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولنگ ختم ہوتے ہی عملہ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر چکا ہے۔ مختلف حلقوں میں سیاسی کارکنوں کی جانب سے نتیجوں کے غیر سرکاری اعداد و شمار جاننے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے باہر گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔
گنتی مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری نتائج آنا شروع ہو جائیں گے، جبکہ حتمی سرکاری نتیجے کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
مزید پڑھیں :قو می اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات، پولنگ کے وقت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ















