اسلام آباد( اے بی این نیوز)بینک الفلاح نے اپنے صارفین کے لیے ایک انتہائی پرکشش اور آسان فنانسنگ پلان متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ہنڈا موٹر سائیکلوں کی خریداری اب آسان اقساط پر ممکن ہے، وہ بھی مکمل صفر فیصد مارک اپ کے ساتھ۔ نئی پیشکش محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے اور اس کا مقصد مشہور ہونڈا بائیکس کو عام لوگوں کے لیے مزید قابل رسائی بنانا ہے۔
بینک الفلاح کے مطابق، یہ سکیم خاص طور پر ان صارفین کے لیے بنائی گئی ہے جو ایک بار میں پوری رقم ادا کرنے کے بجائے آسان ماہانہ اقساط میں اپنی پسند کی ہونڈا موٹر سائیکل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس پلان کے تحت ادائیگی صرف بینک الفلاح کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ممکن ہوگی، جبکہ صارفین اپنی سہولت کے مطابق مختلف ادوار کے ساتھ قسطوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
فنانسنگ آفر میں تین مشہور ہونڈا موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔
ہونڈا سی ڈی 70، ہونڈا سی جی 125 اور ہونڈا سی جی 150۔

بینک کے مطابق سی ڈی 70 کی ماہانہ قسط 26,650 روپے، سی جی 125 کی 39,750 روپے اور سی جی 150 کی ماہانہ قسط 76,650 روپے ہے۔
اگرچہ یہ اسکیم مکمل طور پر سود سے پاک (زیرو مارک اپ) کی سہولت پیش کرتی ہے، تاہم صارفین کو پروسیسنگ فیس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ادا کرنا ہوگی۔
بینک نے واضح کیا ہے کہ پیشکش صرف منتخب ماڈلز تک محدود ہے اور ان کی دستیابی اسٹاک کی دستیابی سے مشروط ہوگی، اس لیے صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جلد از جلد درخواست دیں۔
بینک الفلاح نے مزید کہا کہ اگر کوئی صارف موٹر سائیکل کی بکنگ کے حوالے سے مکمل تفصیلات یا رہنمائی چاہتا ہے تو وہ بینک کے ہیلپ لائن نمبر 111225111-021 پر رابطہ کر سکتا ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش نہ صرف محدود مدت کے لیے ہے بلکہ اس پر مخصوص شرائط و ضوابط بھی لاگو ہوں گے۔
موٹرسائیکل مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں بلاسود اقساط صارفین کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوسکتی ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو مہنگائی کی وجہ سے یکمشت رقم ادا کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔
اس پیشکش سے نہ صرف موٹرسائیکل کی فروخت میں اضافے کی توقع ہے بلکہ صارفین کو ان کی پسند کے ہونڈا ماڈلز تک آسان رسائی بھی فراہم ہوگی۔ بینک الفلاح کی یہ نئی سکیم بلاشبہ ان لوگوں کے لیے ایک مناسب موقع ہے جو کم بجٹ میں بھی ہونڈا موٹر سائیکل خریدنے کے خواہشمند ہیں۔
تاہم، صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ درخواست دینے سے پہلے تمام شرائط و ضوابط سے پوری طرح آگاہ رہیں۔
مزید پڑھیں:ایشیاء کپ رائزنگ اسٹارز کا چیمپئن! پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کو مات دیدی















