اہم خبریں

جے یو آئی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

کوئٹہ(اے بی این نیوز) بلوچستان میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) اور نیشنل پارٹی کے 11 اہم رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آغا شکیل احمد درانی کی قیادت میں خضدار سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور سیاسی شخصیات نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران تمام رہنماؤں نے باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے انہیں خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے پیش پیش رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں باصلاحیت اور بااثر شخصیات کی شمولیت نہ صرف سیاسی مضبوطی کی علامت ہے بلکہ یہ بلوچستان کے سیاسی استحکام کیلئے بھی مثبت اشارہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خضدار کے قبائلی عمائدین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی مزید فعال، منظم اور عوامی رابطوں میں مضبوط ہوگی۔ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، حکومت کا واحد مقصد عوام کی خدمت اور ایک مضبوط و خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھنا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سیاسی پیش رفت بلوچستان کی مستقبل کی سیاست پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے اور پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں۔بنوں؛ امن کمیٹی کے دفتر پر کالعدم تنظیم کے مسلح افراد کا حملہ، 7افراد جاں بحق

متعلقہ خبریں