اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے معروف یوٹیوبر اور مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کے بارے میں اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو معطل کر دیا ہے، جس میں انہیں گستاخی کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے 4 دسمبر تک اس رائے کو معطل رکھنے کا فیصلہ دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 نومبر کو اس معاملے کی سماعت کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ آئندہ سماعت تک اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے مؤثر نہیں ہوگی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے تحت اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کا کوئی حوالہ کسی بھی عدالتی فورم پر نہیں دیا جا سکے گا۔
عدالت نے یہ بھی وضاحت کی کہ انہیں یہ وضاحت درکار ہے کہ کس قانونی اختیار کے تحت ایف آئی اے، پولیس یا دیگر ادارے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے پر عملدرآمد کر سکتے ہیں۔
اس حساس کیس میں معروف وکیل ڈاکٹر محمد اسلم خاکی نے انجینئر محمد علی مرزا کے خلاف اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو چیلنج کیا ہے، جس کے بعد ہائیکورٹ نے اس معاملے میں اہم فیصلہ سنایا۔
مزید پڑھیں۔مخدوم امین فہیم کی برسی پر عام تعطیل کا اعلان















