اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں عالمی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا مقصد میچوں کے دوران شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے اس منصوبے کے لیے سیکٹر ڈی-12 کا انتخاب کیا ہے، جہاں دبئی طرز کا اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کو ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ نیا اسٹیڈیم شہر سے دور واقع ہونے کی وجہ سے میچ کے دوران ٹریفک کے دباؤ میں واضح کمی لائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے قریب سیون اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی ٹیموں، آفیشلز اور مہمانوں کو اعلیٰ معیار کی رہائش فراہم کی جا سکے۔ منصوبے میں جدید پارکنگ، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی شامل کیے جائیں گے۔
تعمیراتی منصوبے میں دبئی اسپورٹس کمپلیکس کے جدید فیچرز کو شامل کیا جائے گا، جس سے اسلام آباد نہ صرف کرکٹ کا اہم مرکز بنے گا بلکہ بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے بھی موزوں مقام ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں :بلوچستان میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی،وزیراعلی ٰکی تبدیلی کی تصدیق ؟















