کوئٹہ ( اے بی این نیوز )ن لیگی سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ جلد تبدیل ہوگا۔ پیپلزپارٹی نے سرفراز بگٹی کی جگہ نیا وزیراعلیٰ لانے کا فیصلہ کرلیا۔ نیا وزیراعلیٰ بلوچستان پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا۔ بیڈ گورننس وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی اہم وجہ بن رہی ہے۔ پیپلزپارٹی نے نئے ناموں پر غور شر وع کردیا ہے۔ وزیر اعلی ٰبلوچستان کی تبدیلی کی باز گشت ، سرفراز کو مشکلات کا سامنا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپنی ہی جماعت پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی چھوڑنے لگے۔ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے میر لیاقت لہڑی کی بھی وزیراعلی ٰکی تبدیلی کی تصدیق کر دی۔
بلوچستان کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پارٹی کی کوشش ہوگی کہ صوبے کے لیے نیا اور مثبت چہرہ سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ وہ ہونا چاہیے جو بلوچستان کے مسائل سے بخوبی واقف ہو اور صوبے کی بدترین صورتحال کو کنٹرول کر سکے۔
میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ ہمارے ارکان کی اکثریت موجودہ سی ایم کو ہٹانا چاہتی ہے، تاہم نئے وزیراعلیٰ کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی اور پارٹی جسے نامزد کرے گی، اسے تسلیم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے میں بلوچستان اور اس کے عوام کو اولین ترجیح دی جائے گی۔رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے قیادت کو کچھ اور باتیں بتائی تھیں، لیکن زمینی حقائق یکسر مختلف ہیں، جنہیں انہوں نے قیادت کے سامنے رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا مقصد سیاسی استحکام کے ساتھ عوام کی خدمت کو یقینی بنانا ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی بہن کیساتھ ناروا سلوک،پیپلز پارٹی نے بھی آواز اٹھا دی















