لاہور (اے بی این نیوز)عمران خان کی بہن علیمہ خان کے اثاثوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا عمل پنجاب بھر میں تیزی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کا مقصد مختلف مقدمات کے پس منظر میں ان کی ملکیتی معلومات کو مکمل، درست اور مصدقہ شکل میں سامنے لانا ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ خط جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ علیمہ خان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر جمع کیا جائے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام تفصیلات انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی کو بھی بھجوائی جائیں۔
ہدایات کے تحت متعلقہ ریونیو دفاتر کو کہا گیا ہے کہ ملکیت کا ریکارڈ، انتقالات، رجسٹریاں اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق کے بعد مکمل رپورٹ تیار کی جائے، تاکہ کسی بھی مقدمے یا قانونی تقاضے کے لیے درست ڈیٹا دستیاب ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قدم جاری تحقیقات اور عدالتی کارروائیوں کے سلسلے میں شفاف ریکارڈ کی فراہمی کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ حکام نے متعلقہ محکموں کو جلد از جلد کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما کو کلین چٹ مل گئی،جا نئے نام















