اہم خبریں

پی ٹی آئی کا 27ویں آئینی ترمیم کے عمل کا حصہ نہ بننے کا اعلان

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کے عمل سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ “ہم نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ 27ویں ترمیم کے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، اسمبلی میں تقریر کے بعد واک آؤٹ کریں گے۔”

نواز شریف کی ممکنہ پارلیمنٹ آمد سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ “نواز شریف اب پاکستانی سیاست سے غیر متعلق ہو چکے ہیں، انہیں امید تھی کہ واپسی پر ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا جائے گا، مگر پارلیمان میں کسی نے ان کے لیے ایسا نہیں کیا۔”

انہوں نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “کیا آپ خود راجہ پرویز اشرف کے خلاف افتخار چودھری کے پاس پٹیشن لے کر نہیں گئے تھے؟ اور کیا میاں صاحب خود وکیل بن کر میموگیٹ کمیشن کے قیام کے لیے نہیں گئے تھے؟”

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ “جو ججز چلے گئے، چاہے اچھے تھے یا برے، ان کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہییں۔”

پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے 27ویں آئینی ترمیم کو آئین و قانون کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ “یہ ترمیم آئینی اصولوں کا جنازہ ہے، ہم اس کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”

انہوں نے کہا کہ “ہم نے قومی پالیسی کے لیے امن جرگہ بلایا ہے، کیونکہ اب ملک مزید بدامنی یا دہشت گردی کے واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تمام مسائل صبر، تحمل اور سفارتی سطح پر حل ہونے چاہییں۔”

مزید پڑھیں۔میٹرو بس میں ٹوکن سسٹم ختم، نیا ٹکٹ سسٹم متعارف

متعلقہ خبریں