راولپنڈی(اے بی این نیوز)انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
یہ کارروائی سنگجانی جلسہ کیس میں ان کی بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر کی گئی۔
اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ شیخ وقاص اکرم کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
اس کے علاوہ عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب خان اور زرتاج گل کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی۔
گزشتہ ماہ سماعت کے دوران عدالت نے تینوں رہنماؤں عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نے عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کروا کر خود کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بڑے بڑے دعوے کرتی ہے مگر عملی طور پر کچھ نہیں کرتی۔ اب ان کے اصل چہرے قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں۔پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز آج سے راولپنڈی میں شروع، شاہین کی قیادت میں فتح کی امید















