اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں بارے غیر ذمہ دارانہ بیان دینے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، سہیل آفریدی کے خلاف مقدمہ سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر اسلام آباد میں درج کیا گیا۔
این سی سی آئی اے میں شہری کی شکایت پر سہیل آفریدی کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا،سہیل آفریدی پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت، گمراہ کن معلومات، جھوٹے اور بے بنیاد بیانات پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے کا الزام ہے۔
مقدمہ کے متن میں لکھا گیا کہ سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
مقدمہ میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹ پر مبنی میڈیا ٹاک کی، پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا پیج سے بھی ریاستی اداروں کے خلاف ویڈیو کو پھیلایا گیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے سکیورٹی فورسز کے بارے شرانگیز بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں کے بارے میں بے بنیاد اور حقائق سے منافی بیان ناقابل برداشت ہے، وطن کے امن کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے جری افسروں وجوانوں کے بارے ایسا بیان کوئی محب وطن نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہرزہ سرائی کرکے ازلی دشمن کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی پوری دنیا اور قوم معترف ہے، سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں نے قیمتی جانیں قربان کرکے امن کی آبیاری کی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس صوبے کے وزیر اعلیٰ نے احسان فراموشی کی حدیں پار کیں جہاں سکیورٹی فورسز کے جوان سب سے زیادہ شہید ہوئے، کوئی بھی محب وطن ایسا بیان دینے کے بارے سوچ بھی نہیں سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سکیورٹی فورسز کے خلاف اشتعال انگیزی پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہرمحمود اشرفی، گورنر خیبرپختونخوا، خیبریونین آف جرنلسٹس اور دیگر علماء کرام نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔
مزید پڑھیں۔آج بروز پیر10نومبر2025سونےکی قیمت بارے جانئے















