لاہور(اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’ڈیجیٹل پنجاب ‘ کے تحت صوبے میں چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس پروگرام کا مقصد آئی ٹی اور کمپیوٹر سائنس کے گریجویٹس کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا اور انہیں عملی میدان میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
5 ماہ کی انٹرن شپ، 50 ہزار روپے ماہانہ سکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب گریجویٹس کو 5 ماہ تک معروف آئی ٹی کمپنیوں اور سافٹ ویئر ہاؤسز میں انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا، جبکہ انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو 50 ہزار روپے ماہانہ سکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ یہ پروگرام آئی ٹی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا، جس کے ذریعے گریجویٹس پروفیشنل ماہرین سے براہِ راست سیکھنے اور جدید ٹیکنالوجی میں ہینڈز آن تجربہ حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔
آن لائن اپلائی کا طریقہ 4 سالہ ڈگری مکمل کرنے والے پنجاب کے رہائشی آئی ٹی اور کمپیوٹر سائنس گریجویٹس اس پروگرام میں شرکت کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے لیے طلبہ ویب سائٹ cmitinterns.punjab.gov.pk پر فارم بھر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم پنجاب کو آئی ٹی کا حب بنا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑ کر ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جو پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد رکھے گا۔
مزید پڑھیں۔وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دیدی















