اسلام آباد (رضوان عباسی )دوطرفہ پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر روس آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد اسلام آباد روانہ کرے گا۔ روسی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے نمائندے 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بینالپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، وفد کی مشترکہ قیادت روس کے دو کہنہمشق اور باصلاحیت سیاست دانوں. سینیٹر کونستانتین کوساچیو، نائب اسپیکر روسی فیڈریشن کونسل (ایوانِ بالا)، اور الیگزینڈر باباکوف، نائب چیئرمین اسٹیٹ ڈوما (ایوانِ زیریں) . کے سپرد کی گئی ہے۔
وفد میں ولادیمیر چِژوف بھی شامل ہوں گے، جو روسی فیڈریشن کونسل میں روس.پاکستان دوستی گروپ کے سربراہ ہیں۔ مسٹر چِژوف رواں سال فروری میں پاکستان کے عام انتخابات کے مشاہدے کے لیے اسلام آباد کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، کانفرنس میں شرکت کے علاوہ روسی وفد پاکستانی پارلیمان کے اعلیٰ ارکان سے بھی ملاقات کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کے فروغ، پارلیمانی تعاون اور خطے میں تعمیری شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی سطح پر تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
مزید پڑھیں :بھرتیوں پر پابندی ختم















