اسلام آباد(اے بی این نیوز)قائم مقام چیئرمین سنی اتحاد کونسل، صاحبزادہ حسن رضا نے کہا ہے کہ میرے بھائی سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ حامد رضا پشاور سے فیصل آباد کی جانب سفر کر رہے تھے تاکہ خود گرفتاری پیش کریں۔ راستے میں اسلام آباد کے علاقے ڈی-12 کے قریب پولیس نے ان کی گاڑیاں روک کر انہیں حراست میں لے لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا اسلام آباد پولیس کو کسی بھی کیس میں مطلوب نہیں تھے، اور گرفتاری کی وجوہات سے متعلق تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ میری صاحبزادہ حسن رضا سے بات ہوئی، ان کے مطابق حامد رضا صاحب کو ڈی-12 کے قریب گرفتار کیا گیا ہے۔ آس پاس کے تھانوں سے معلوم کیا گیا مگر وہ وہاں موجود نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں۔وہاب ریاض کو ویمنزکرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ لگانے کا فیصلہ















