کراچی ( اے بی این نیوز )کراچی میں فیس لیس ای چالان سسٹم کو متعارف ہوئے دس روز مکمل ہو گئے ہیں، جس دوران شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کا شکار بنے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ دس دنوں کے دوران 37 ہزار سے زائد ای چالانز شہریوں کے گھروں تک پہنچ چکے ہیں، جب کہ 60 سے زائد پولیس موبائلوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ ان میں زیادہ تر چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر کیے گئے۔
اسی طرح مختلف سرکاری محکموں کی گاڑیوں کے 220 سے زائد چالانز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق سب سے زیادہ خلاف ورزیاں موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے اور گاڑی ڈرائیورز کی جانب سے سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے کی ریکارڈ کی گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فیس لیس ای چالان سسٹم کے تحت کسی کو بھی رعایت نہیں دی جا رہی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور شہریوں کو ٹریفک ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہر میں نظم و ضبط اور سڑکوں پر سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :وزیر اعلیٰ پنجاب راشن کارڈ سکیم















