لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کو عدالت سے ایک روزہ ریلیف مل گیا۔
عدالت نے ان کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں فردِ جرم کیلئے طلب کر لیا۔
اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں جج جاوید اقبال واڑیچ نے کیس کی سماعت کی، دورانِ سماعت پرویز الہی کے وکیل نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے، لہٰذا ایک روزہ حاضری معاف کی جائے۔
عدالت نے وکیل کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے درخواست منظور کر لی، تاہم عدالت نے واضح کیا کہ اگلی سماعت پر پرویز الہی سمیت تمام ملزمان کو فردِ جرم عائد کرنے کیلئے پیش ہونا ہوگا۔
کیس میں محمد خان بھٹی سمیت دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی کیلئے سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ پرویز الہی پر وزیراعلیٰ کے دور میں پنجاب اسمبلی میں درجنوں غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے۔ کیس میں سرکاری قواعد کی خلاف ورزی، اقرباپروری اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے نکات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں۔موبائل فونز سے پی ٹی اے ٹیکس ختم کیا جائے، علی قاسم گیلانی نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو خط لکھ دیا















