اسلام آباد ( اے بی این نیوز )اسلام آباد میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسد قیصر، شبلی فراز، عمر ایوب اور علی نواز اعوان کو 11 نومبر تک گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہے، جس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر اشتعال انگیزی، امنِ عامہ میں خلل ڈالنے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعدد بار طلبی کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تمام شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں، لیکن گرفتاری نہ ہونے کے باعث کیس میں پیش رفت متاثر ہو رہی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے مقررہ تاریخ پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی رہنما مختلف مقدمات میں پہلے ہی قانونی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :خیبر پختونخوا میں تبدیلیاں















