اہم خبریں

موجودہ حکومت کا قیام مضبوط بنیادوں پر نہیں ہوا، صوبوں کو آئینی حقوق نہیں مل رہے، محمد علی درانی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا کہ موجودہ حکومت کا قیام مضبوط بنیادوں پر نہیں ہوا، اس کے کمزور پہلو اب واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے حکومت کو اضافی اختیارات دیے، مگر اس کے بعد حکومت کے اختیارات اور سمت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

محمد علی درانی نے کہا کہ اس ترمیم کا عمل شفاف انداز میں مکمل نہیں ہوا، اسی وجہ سے اس پر تنقید بڑھ رہی ہے۔ عدلیہ کی آزادی اور توازنِ قوت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جب کہ مخالفین کا موقف ہے کہ حکومت نے جمہوری اصولوں کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ ترمیم کا مقصد ادارہ جاتی استحکام تھا، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس پر اختلافِ رائے بڑھتا جا رہا ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے وسائل میں اضافے کا عمل شروع ہوا تھا، لیکن وفاق نے انہی وسائل پر دوبارہ قبضے کی کوشش کی جس سے صوبائی خودمختاری متاثر ہوئی۔

محمد علی درانی نے بتایا کہ وہ سینٹ میں بھی کہہ چکے ہیں کہ صوبوں کو ان کے آئینی حقوق نہیں مل رہے، صوبائی حصص کم کیے جا رہے ہیں اور عوام کے وسائل کو محدود کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کی شفافیت اور احتساب کی کمی عوام میں بے اعتمادی پیدا کر رہی ہے، اور قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے، کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے۔وہ اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ

کسی بھی آئینی ترمیم یا تبدیلی سے پہلے وسیع مشاورت اور اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ ریاستی اختیار اور عوامی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محمد علی درانی کے مطابق حق تلفی اور ناانصافی کے طویل مدتی نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں کو شفاف اور جمہوری رویہ اپنانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے زیرِ اثر موجودہ سیاستدان احتساب سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ کرپشن اور وسائل کے ناجائز استعمال کے ثبوت عوام کے سامنے موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انصاف اور مساوات کے نام پر حکمرانوں کا حقیقی احتساب اب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں :فیصل واوڈا کوئی پیغام لے کر نہیں آئے، 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ جب سامنے آئے گا تب موقف دینگے، مولانا فضل الرحمان

متعلقہ خبریں